عمران جہاں ہیں ذمہ دار بھی خود ہیں،رانا ثنا

اسلام آباد:وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سیاست نہیں بلکہ ہمیشہ محاذ آرائی کی ہے۔

رانا ثنااللہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اس وقت جہاں موجود ہیں اس کا کوئی اور نہیں بلکہ ان کا اپنا انداز ذمہ دار ہے، بانی پی ٹی آئی کا مستقبل ان کے اپنے ہاتھوں میں ہے۔

سیاسی لیڈر اس راستے سے اپنے آپ کو آگے نہیں بڑھا سکتا، رانا ثنااللہ بولے اگر عمران خان سیاستدان ہیں تو میرا ان کو مشورہ ہے کہ وہ سیاست کریں۔

رانا ثنا اللہ نے افغانستان سے اپنی سر زمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کا بھی مطالبہ کردیا۔رانا ثنا اللہ نے کہاکہ پاکستان میں جتنی دہشت گردی ہوتی ہے سب کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔

افغانستان میں دہشت گردی کے ٹریننگ سینٹر ہیں، وہاں سے لوگ پاکستان آکر دہشت گردی کرتے ہیں، دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ٹارگٹڈ آپریشن کیے گئے ہیں۔

سیکورٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے رانا ثنااللہ بولے جو ایشوز سیکورٹی سے متعلق ہیں اس پر عسکری اور سیاسی قیادت کے درمیان مشاورت ہو رہی ہے، اس وقت تمام فیصلے سیاسی اور عسکری قیادت کی مشاورت سے ہورہے ہیں۔رانا ثنااللہ کا کہنا تھا محسن نقوی کابینہ کے رکن ہیں اورکابینہ انفرادی نہیں اجتماعی ذمہ دارہوتی ہے، اگر آپ کو ان کے فیصلوں پر اعتراض ہے تو سامنے لائیں۔