خیبر پختون خوا کے ضلع لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں دھماکا ہوا ہے، جس میں 9 افراد شہید ہو گئے۔
اس حوالے سے اسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے سے جاں بحق9افراد کی لاشیں نورنگ اسپتال لائی گئی ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دھماکے میں شہید ہونے والوں میں 2 ٹریفک پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اسپتال کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 18 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال لائے گئے زخمیوں میں خاتون اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ سرائے نورنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
وزیرِ اعظم کی دھماکے کی مذمت
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے لکی مروت کے سرائے نورنگ بازار میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے 2 ٹریفک اہلکاروں سمیت 9 افراد کے شہید ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمہ کے لیے ادارے اور حکومت بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں، دہشت گردوں کو ملک کے امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ بننے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے واقعے کی تحقیقات کا حکم، ذمے داران کا تعین اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔

