اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف احتجاج کرینگے اور ہڑتال کا آپشن بھی موجود ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مہنگائی آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ کے مطابق تیل کی قیمت271روپے بنتی ہے مگر117روپے لیوی اوردیگر ٹیکسز لگاکر عوام کو415روپے فی لیٹر پیٹرول مل رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بھارت اور بنگلا دیش میں قیمتیں نہیں بڑھیں،جنگ کے اثرات کیا صرف پاکستان پر ہی پڑ رہے ہیں؟۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بجلی اور گیس پر فکس چارجز لگائے گئے ہیں، تین سال میں بجلی کے ٹیکسز کی مد میں 19کھرب روپے وصول کے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ100 میں سے15 آئی پی پیز سے حکومت نے ڈیل کی، باقی آئی پی پیز کے معاہدے ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں، یہ اپنی کرپشن کیلئے آئی پی پیز کے معاہدوں میں توسیع کریں گے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ15 مئی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف بڑا احتجاج کریں گے جبکہ ہڑتال اور پہیہ جام کا آپشن بھی موجود ہے۔

