کیمبرج کا اے ایس لیول ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک

کراچی:کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کا اے ایس لیول ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک ہوگیا۔

درجنوں طلبہ نے اے ایس لیول ریاضی کے پرچے کے قبل از وقت لیک ہونے کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ( 5) کوڈ نمبر9709 کا پرچہ دو بجے شروع ہونا تھا تاہم یہ پرچہ حل ہو کر سوشل میڈیا پر موجود تھا تاہم جب ہم یہ پرچہ دینے گئے تو ہو بہو یہ وہی پرچہ تھا جسے دیکھ کر ہم حیران ہو گئے۔

آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے ریاضی کا دوسرا پرچہ بھی لیک ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ ہم کیمبرج کے آفیشل موقف کا انتظار کررہے ہیں تاہم ابتدائی طور پر کیمبرج نے بھی پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کی ہے۔

غلام علی ملاح نے کہا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ کیمبرج کے پرچے مسلسل لیک ہورہے ہیں تاحال کیمبرج ان کو روکنے میں ناکام رہا۔

یاد رہے کہ کیمبرج نے جو پہلے بیان دیا تھا اس میں کہا تھا کہ اے ایس لیول ریاضی کا پرچہ 9709/12، لیک ہوگیا تھا یہ پرچہ29 اپریل2026 ء کو ایڈمنسٹریٹو زونز3 اور4 میں لیا گیا تھا، امتحان سے قبل غیر مجاز طور پر تقسیم کیا گیا۔

تفصیلی تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ پرچے کے افشا کی نوعیت ایسی ہے کہ اسے حتمی نتائج کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ پرچہ اب طلبہ کے گریڈز کے تعین کے لئے استعمال نہیں ہوگا اور اس کے بجائے متاثرہ امیدواروں سے نیا امتحان لیا جائیگا۔کیمبرج نے اعلان کیا تھاکہ ریاضی 9709/12 کا متبادل امتحان 9 جون 2026 ء کو جون سیریز کے شیڈول کے تحت لیا جائیگا۔