لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رحمت کارڈ پروگرام کا افتتاح کر دیا۔ لاہور میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رحمت کارڈ کے لیے صوبائی زکوٰةفنڈ سے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ 50 ہزار بیواؤں اور یتیم بچوں کو ایک لاکھ روپے فی کس دیے جائیں گے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ مستحقین کا انتخاب پنجاب سماجی و اقتصادی رجسٹری کے ڈیٹا بیس کے ذریعے کیا جائے گا، ضلعی کوٹے کے تحت مستفید ہونے والوں کا حتمی انتخاب کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ پروگرام کا مقصد مستحقین کے سماجی وقار اور معاشی خود مختاری کو یقینی بنانا ہے، کسی بیوہ یا یتیم بچے کو بے سہارا نہیں چھوڑیں گے۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ مزدوروں کی عظمت کو سلام ہے،انکی محنت ہی معیشت کو مضبوط بناتی ہے۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے مزدوروں کے عالمی دن پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے دنیا بھر کے محنت کشوں کی خدمات کو سراہا، انہوں نے خاندان کا معاشی سہارا بننے والی محنت کش خواتین کی جدوجہد کوخصوصی خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے محنت کشوں کیلئے مناسب اجرت، محفوظ ماحول، صحت کی سہولیات، بچوں کیلئے معیاری تعلیمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت مزدوروں کا معیار زندگی بلند کرنے اورخوشحالی کے لیے پرعزم ہے، محنت کش اللہ کے دوست ہیں اور ہم اللہ کے دوست کی قدر و احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 14 لاکھ سے زائد محنت کشوں اور ورکروں کیلئے راشن کارڈ، 3ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی علاوہ ازیں سوشل سیکورٹی ہسپتالوں اور ڈسپنسریز میں لاکھوں محنت کشوں کو روزانہ علاج معالجہ کی مفت سہولت دے رہی ہے، جبکہ مزدوروں کو بنے بنائے فلیٹ دے کر گھر کا مالک بنارہے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا مزدوروں کو 750 فلیٹ دے دیئے، محنت کش بھائیوں کومزید1872 فلیٹ دیں گے، قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں 700 ورکرز کیلئے بیچلر ہاسٹل دے رہے ہیں، محنت کشوں کیلئے مریم نوازویجیلنس سنٹر اورٹیلی کلینکس بھی قائم کررہے ہیں۔

