فیلڈ مارشل کو خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوشی ہوئی، ایرانی وزیر خارجہ

تہران:پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایران کے اعلی سطح کے دورے پر تہران پہنچے اور اعلی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی اور ثالثی کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے ایران اور امریکا جنگ بندی کے لیے اقدامات قابل تحسین ہیں۔عباس عراقچی نے کہا کہ ہمسائیہ برادر مسلم ملک کے یہ اقدامات پاکستان اور ایران کے درمیان گہرے اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے ہمارا عزم مضبوط ہے اور یہ عزم مشترکہ ہے۔قبل ازیں ایرانی وزیر خزانہ عباس عراقچی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں وہ ایئرپورٹ پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کا پرتپاک استقبال کرتے اور ان سے گلے ملتے نظر آئے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ مجھے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو ایران میں خوش آمدید کہتے ہوئے بہت خوشی ہوئی ہے۔عباس عراقچی کے بقول میں نے مذاکرات کی بہترین میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ ہمارے گہرے اور مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق پاکستان کے اعلی سطح کے وفد کا پرتپاک استقبال ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کیا۔ اس موقع پر ایران کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں اعلی سطح کا وفد ایرانی حکومت کے اعلی ترین حکام سے ملاقات کرے گا جس میں مذاکرات کے دوسرے دور کی تیاری کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
آئی آر آئی بی نیوز ایجنسی کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ چند دنوں میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے۔