بیروت:لبنان کے جنوبی شہر نباطیہ میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں جاں بحق ہونے والے 13 سیکورٹی اہلکاروں کی اجتماعی نمازِ جنازہ میں ہزاروں شہریوں، سرکاری حکام اور سکیورٹی اہلکاروں نے شرکت کی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ اہلکار اس وقت نشانہ بنے جب اسرائیلی فوج نے نباطیہ میں ایک سرکاری کمپلیکس اور اسٹیٹ سیکورٹی دفتر کے قریب فضائی حملے کیے گئے۔
اجتماعی نماز جنازہ کے موقع پر فضا سوگوار رہی، شرکا نے جاں بحق اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اسرائیلی حملوں کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔لبنان کی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کے مترادف ہے جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ عالمی برادری سے فوری نوٹس لینا چاہیے۔
یاد رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے آغاز کے پہلے ہی روز اسرائیل نے لبنان پر اب تک کے سب سے بڑے فضائی حملے کیے جس میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔جس کے بعد امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلی فونک گفتگو میں حملوں کی شدت میں کمی لانے کا مطالبہ کیا تھا تاکہ جنگ بندی معاہدے کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

