مفتی منیب الرحمٰن کی مولانا محمد حنیف جالندھری سے ملاقات

صدر تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان مولانا مفتی منیب الرحمن نے جامعہ خیر المدارس کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مہتمم جامعہ خیر المدارس و ناظم اعلی وفاق المدارس العربیہ پاکستان مولانا محمد حنیف جالندھری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دینی مدارس کو درپیش امور، موجودہ ملکی و عالمی حالات، پاک افغان جنگ بندی سمیت دیگر اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے مدارس کی حریت و آزادی، رجسٹریشن اور دیگر مسائل پر پہلے کی طرح مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔رہنماؤں نے موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں حکومت پاکستان کی کامیاب سفارتکاری اور دانشمندانہ حکمت عملی کو سراہتے ہوئے ملک بھر کے تمام مکاتب فکر کے علما اور مذہبی قائدین پر زور دیا کہ وہ وطن عزیز کے قومی مفادات کو ہر چیز پر مقدم رکھیں۔ پاک افغان جنگ بندی میں توسیع کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام مسائل کا حل مذاکرات اور باہمی گفت و شنید میں ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان کو تلقین کی کہ ملک کے دینی تشخص کو ہر قیمت پر برقراراور قیام پاکستان کے بنیادی مقاصد کو ہمیشہ پیش نظر رکھا جائے۔اس موقع پر مولانا مفتی منیب الرحمن نے جامعہ خیر المدارس کے مختلف شعبوں کا معاینہ بھی کیا خاص طور پر جامعہ کی نوتعمیر شدہ مسجد کی مختصر وقت میں تکمیل،مسجد کی وسعت اور تعمیری مہارت پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے اسلامی فن تعمیر کا شاہکار قرار دیا۔