شامی صدر کی حزب اللہ کیخلاف لبنانی حکومت کو مدد کی پیشکش

شام کے صدر احمد الشرع نے اعلان کیا ہے کہ ان کا ملک لبنان کی جانب سے حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی صدر احمد الشرع نے یورپی رہنماؤں کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے دوران یقین دلایا کہ لبنان کے صدر جوزف عون کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہیں اور حزب اللہ کو غیرمسلح کرنے کے اقدامات کی تائید کرتے ہیں۔
شامی صدر کا مزید کہنا تھا کہ شام نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر لبنان سے ملحقہ سرحد پر اپنی دفاعی فورسز کو مضبوط کر دیا ہے تاکہ جنگ کے اثرات شامی سرزمین تک نہ پھیلیں۔
یہ بھی پڑھیں: جنگ ختم ہونے کا امکان، برینٹ تیل کی قیمت میں بڑی گراوٹ
انھوں نے مزید کہا کہ سرحدی علاقوں میں تعیناتی کا مقصد سرحد پار سرگرم تنظیموں کو روکنا اور شام کی زمین کو کسی بھی عسکری کارروائی کے لیے استعمال ہونے سے بچانا ہے۔
قبل ازیں لبنانی صدر جوزف عون نے کہا تھا کہ اسرائیل کی جانب راکٹ فائر کرنے کا فیصلہ کر کے حزب اللہ نے لبنان کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حزب اللہ کے یہ جارحانہ اقدامات لبنان کو ایک بڑی جنگ میں گھسیٹ سکتے ہیں جس کے سنگین نتائج پورے ملک کو بھگتنا پڑیں گے۔