دبئی میں فضائی کارروائی،ملبہ گرنے سے پاکستانی ڈرائیور جاں بحق

دبئی/اسلام آباد:دبئی حکام نے تصدیق کی ہے کہ فضائی دفاعی کارروائی کے بعد گرنے والا ملبہ المَرشہہ کے علاقے میں ایک گاڑی پر آ گرا جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔

دبئی میڈیا آفس کے مطابق واقعہ ایک فضائی مداخلت کے بعد پیش آیا اور متعلقہ اداروں نے فوری طور پر صورتِ حال سنبھال لی۔دبئی میڈیا آفس کے مطابق حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والا ڈرائیور پاکستانی شہری تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ واقعہ المَرشہہ میں پیش آیا، جہاں ملبہ ایک گاڑی پر گرا۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے افسوس اور سوگوار خاندانوں سے ہمدری و یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔صدرمملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا مشرق وسطیٰ میں کشیدگی عالمی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے،خطے میں جاری کشیدگی دیگر ممالک کو لپیٹ میں لے سکتی ہے، تنازعات کا حل سفارت کاری اور تحمل سے نکل سکتا ہے۔

عالمی برادری کو کشیدگی کم کروانے کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت اور میتوں کی واپسی میں سہولت کی ہدایت دیتے ہوئے کہا غم کی گھڑی میں حکومت سوگوار خاندانوں کیساتھ کھڑی ہے۔