فوجی جوان لازوال عسکری اوصاف کے حامل، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ثابت بھی کیا، فیلڈ مارشل

راولپنڈی :چیف آف ڈیفنس فورسز و آرمی چیف ،فیلد مارشل سید عاصم منیر نے پاک آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے میں فوجیوں اور تکنیکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے روایتی تربیتی طریقوں کی تکمیل کے لیے سمیلیٹر پر مبنی تربیت کی اہمیت پر زور دیاہے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق نویں بین الاقوامی پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ مقابلے 9 فروری 2026 کو کھاریاں میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے ۔اختتامی تقریب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ٹیم سپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر محیط ایک طویل پیٹرولنگ مشق ہے، جس کا مقصد حصہ لینے والی ٹیموں کے درمیان جدید خیالات، تزویراتی تجربات اور بہترین جنگی طریقوں کے تبادلے کے ذریعے پیشہ ورانہ عسکری مہارتوں کو نکھارنا ہے۔ 5 فروری 2026 سے شروع ہونے والی یہ مشق پنجاب، پاکستان کے نیم پہاڑی علاقے میں منعقد کی گئی، جس نے ایک حقیقت پسندانہ اور چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا۔گزشتہ برسوں کے دوران، پی اے ٹی ایس ایک باوقار اور انتہائی مسابقتی فوجی مشق کے طور پر ابھرا ہے، جسے حصہ لینے والے ممالک کے درمیان پیشہ ورانہ عمدگی اور باہمی سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔

یہ فورم ایک مشکل آپریشنل ماحول میں یکجہتی اور ٹیم سپرٹ کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عسکری سطح پر تعاون اور افہام و تفہیم کو مضبوط بناتا ہے۔رواں سال مقابلے میں 19 ممالک نے شرکت کی جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور ازبکستان شامل ہیں۔ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر مشق میں شرکت کی۔ پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ڈومیسٹک ٹیموں کے ساتھ ساتھ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین نے بھی اس ایونٹ میں حصہ لیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشق کے دوران تمام حصہ لینے والی ٹیموں کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت، آپریشنل صلاحیت اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے اجتماعی تیاری کو بڑھانے اور جدید جنگ کے بدلتے ہوئے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے اس طرح کی کثیر القومی سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستان آرمی کی بنیادی اقدار کی توثیق کرتے ہوئے، آرمی چیف نے سپہ کی ان پائیدار صفات “خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کردار، جرات اور قابلیت” پر زور دیا۔

تقریب کے اختتام پر، آرمی چیف اور سی ڈی ایف نے مقابلے کے نمایاں شرکامیں انعامات تقسیم کیے۔ حصہ لینے والے ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور ڈیفنس اتاشیوں نے بھی تقریب میں شرکت کی اور پوری مشق کے دوران مظاہرہ کیے گئے اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ مہارت، تنظیم اور انتظام کی تعریف کی۔آرمی چیف اور سی ڈی ایف نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (NCTC) پبی میں مختلف تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ بھی کیا، جس میں نئے قائم کردہ ٹیکٹیکل سمیلیٹر کا دورہ بھی شامل تھا۔