گل پلازہ کے تہ خانوں کے راستوں پر تالوں کی ویڈیوز مل گئیں

کراچی :گل پلازہ میں لگی آگ کے بعد کلیئرنس آپریشن کے دوران ایک اہم انکشاف سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق بیسمنٹ میں آنے اور جانے والے راستے بند تھے اور ان پر تالے لگے ہوئے پائے گئے ہیں۔
سرچ اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے کلیئرنس کے دوران بنائی گئی خصوصی ویڈیوز نجی ٹی وی نے حاصل کر لی ہیں۔ ان ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بیسمنٹ میں موجود دروازے بند تھے اور ان پر تالے لگے ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق، ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ گل پلازہ کی بیسمنٹ میں لگی، جہاں رسائی محدود ہونے کے باعث صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے کہاکہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے کے بعد بند دروازوں کو نہ کھولے جانے کے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں، چوکیدار اور چھے سیکیورٹی گارڈ کے بیانات لے لئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر تحقیقات کے دوران غفلت یا لاپروائی سامنے آتی ہے تو تمام پہلوئوں کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔
سرچ اور ریسکیو ٹیموں نے گل پلازہ میں معائنہ مکمل کر لیا ہے اور حاصل ہونے والی ویڈیوز اور دیگر شواہد اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے احکامات پر یہ ٹیم قائم کی گئی ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
سانحہ گل پلازہ کے بعد ملنے والی انسانی باقیات کی شناخت کا عمل بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکا ۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سانحے میں اب تک 73 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، ان میں سے متعدد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے ممکن ہوئی، جبکہ لاپتا افراد کی فہرست 82 تک پہنچ چکی ہے۔