ٹرمپ انتظامیہ کی ایران سے نئی ڈیل کے لیے چار اہم شرائط سامنے آگئیں

امریکی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران کے ساتھ ممکنہ نئی جوہری ڈیل کے لیے چار سخت شرائط عائد کرنا چاہتی ہے۔رپورٹس کے مطابق ان شرائط کا مقصد ایران کے جوہری، میزائل اور علاقائی کردار کو محدود کرنا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق مجوزہ شرائط میں ایران سے افزودہ یورینیئم کی مکمل منتقلی، ایران کے اندر یورینیئم کی افزودگی روکنا، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پروگرام پر حد بندی اور خطے میں موجود ایران کی حمایت یافتہ پراکسی تنظیموں سے تعاون ختم کرنا شامل ہے۔

رپورٹس میں یہ دعوی بھی کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ ایران پر نیول بلاکیڈ لگانے کے امکانات پر غور کر رہی ہے، جس کا مقصد ایران کو تیل برآمد کرنے سے روکنا ہے۔دوسری جانب ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کو مکمل جنگ تصور کیا جائے گا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایران کسی بھی جارحیت کا سخت اور منہ توڑ جواب دے گا۔