پنجاب،ججز کی سیکورٹی کیلئے 23 کروڑ 86 لاکھ کی نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ

لاہور:پنجاب پولیس نے انسداد دہشت گردی عدالتوں (اے ٹی سی)کے ججز کی سیکورٹی کے لیے 11 نئی بڑی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے آئی جی پنجاب نے وزیراعلیٰ کو گاڑیاں خریدنے کے لیے 23کڑور 86 لاکھ 45 ہزار روپے کی سمری بھجوادی ہے۔وزیراعلیٰ کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ ملک کے عدالتی سسٹم کو سیکورٹی تھریٹ ہیں،سیکورٹی تھریٹ سے متعلق مراسلہ سمری کے ساتھ لف کردیا گیاہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اے ٹی سی ججز کی سیکورٹی کے لیے نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے 14 کروڑ 18 لاکھ 45 ہزار روپے درکار ہیں، ایک گاڑی کی قیمت ایک کروڑ 28 لاکھ 95 ہزار روپے ہے۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کے لیے بھی 9 کروڑ 68 لاکھ کی رقم درکار ہے، ایک گاڑی کو بلٹ پروف بنانے کے لیے 88 لاکھ روپے کی رقم درکار ہوتی ہے۔مراسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کی گئی ہے کہ نئی گاڑیاں خریدنے کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ فراہم کی جائے۔