عمران کو لانے والے چاہیں گے یہ دوبارہ اقتدار میں آئے، خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان کو اقتدار میں لانے والے چاہیں گے یہ دوبارہ اقتدار میں آئے، وہ چاہتے ہیں کہ یہ مملکت خداداد ان کی تابع ہوجائے۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو گالیاں نکالنے والوں کو پناہ دینے والوں کی خواہشات ہیں کہ یہ اقتدار میں آئیں، یاد رکھیں 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ انھی مقاصد کے حصول کی کوشش تھی۔

بانی پی ٹی آئی کے دور میں بھارت نے حملہ کیا، راتوں رات ابھی نندن کو ہم نے ہاتھ جوڑ کے واپس کیا، مئی 2025ء میں بھارت نے حملہ کیا تو پاکستان نے فتح کی تاریخ رقم کی، دنیا حیرت زدہ رہ گئی کہ یہ وہی پاکستان ہے جس نے کچھ سال قبل بھارتی پائلٹ واپس کیا تھا۔ اس وقت پارلیمنٹ کو یہ بتایا گیا تھا کہ ہم بھارت سے جنگ کا رسک نہیں لے سکتے۔

وزیردفاع کا کہنا تھا کہ ہماری افواج نے اللہ کی مدد سے قوم کا سرفخر سے بلند کیا، ہمارے شہیدوں نے وطن کو جاوداں کیا، دشمن آج بھی تاک میں ہے، جاگتے رہنا۔ یہ باہربیٹھے نام نہاد پاکستانی، طالبان سے محبت بھرے مذاکرات کے حامی وطن عزیزکی ترقی اور امن کے دشمن ہیں، یہ پاکستان کو معاشی استحکام اور محفوظ مستقبل سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔