دھند کے باعث حادثات میں اضافہ، 8 افراد جاں بحق،21 زخمی

دھند کے باعث حادثات بڑھنے لگے ،میاں بیوی، بیٹے سمیت8 افراد جاں بحق 21 سے زائد زخمی ہوگئے۔ موٹر وے کئی مقامات پر بند کر دی گئی، موسم سرد ہوتے ہی پنجاب اور سندھ میں دھند کے سائے گہرے ہونے لگے ہیں۔ کہر کے باعث حد نگاہ کم ہونے سے حادثات میں اضافہ ہو گیا ہے جب کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے موٹر وے کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا ہے۔سندھ میں دنیا پور میں نیشنل ہائی وے پر دھند کے باعث تیز رفتار ٹرالر ٹول پلازہ بوتھ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ دو زخمی ہوگئے۔

خیرپور میں ٹنڈومستی قومی شاہراہ پر دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 5 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔سجاول دھند کے باعث ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر دم توڑ گیا۔پنڈی شیخ روڈ پر موٹر سائیکل اور چنگچی میں ٹکر کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے جب کہ صادق آباد قومی شاہراہ پر دھند کے باعث بس کھڑے کنٹینر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص جان سے گیا اور تین زخمی ہوئے۔

دوسری جانب پنجاب میں شدید دھند کے باعث انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے موٹر وے کے مختلف سیکشنز بند کر دیے گئے ہیں۔ترجمان موٹروے کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے ہرن مینار تک دھند کی وجہ سے بند کیا گیا ہے۔ موٹر وے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک، لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم الیون، موٹر وے ایم فور گوجرہ سے ملتان تک، موٹر وے ایم فائیو ملتان شیر شاہ انٹرچینج سے ظاہر پیر تک بند کیا گیا ہے۔

سندھ میں موٹروے ایم فائیو گڈو انٹر چینج سے روہڑی تک، موٹر وے ایم فائیو ملتان سے ظاہر پیر تک اور موٹر وے ایم فائیو گھوٹکی سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔ادھرسپرہائی وے ایم نائن موٹروے پر تیز رفتار گاڑی کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارمیاں بیوی اورایک بیٹا موقع پر چل بسے جبکہ ایک بیٹا زخمی ہوگیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹر وے پولیس، ریسیکو 1122 کی ٹیم کے رضا کارموقع پرپہنچ گئے اورفوری طورپرحادثے میں مرنے والوں اور زخمی افراد کو گاڑی سے ریسیکو کرکے فوری طور پر قریبی تھانے اور بعدازاں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا۔

حادثے میں ہلاک افراد کی شناخت 55 سالہ اشکوک ولد گن شام، 50 سالہ سیتا زوجہ اشکوک گھن شام اور بیٹا 22 سالہ ساحل ولد اشکوک شامل ہیں، زخمی بیٹے کی شناخت سنجے ولد اشکوک کے نام سے کی گئی۔حکام کے مطابق حادثہ گاڑی کے ڈرائیور کو نیند آجانے کے باعث پیش آیا،زخمی بیٹے کی عمر 18 سال کے آس پاس ہے اور زخمی بیٹے نے خود بتایا ہے کہ اسے گاڑی ڈرائیوکرتے ہوئے نیند آگئی تھی۔بیٹے نے اپنے والد کو کہا بھی کہ اسے نیند آرہی ہے لیکن والد نے اسے ڈرائیو کرنے کا کہا کیونکہ گھر قریب آگیا تھا،فیملی اندرون سندھ اسلام کوٹ ضلع تھرپارکر کے رہائشی اور شادی میں شرکت کیلئے بہادر آباد کراچی آ رہے تھے۔