وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں وزیراعلیٰ اسپیشل اینیشیٹو برائے کینسر پیشنٹ کارڈ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کینسر اور کارڈیک سرجری کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کروایا جائے گا۔دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ کینسر اور دل کے مریضوں کے علاج کا مکمل خرچ حکومت ادا کرے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں کینسر اور دل کے عارضہ میں مبتلا افراد کے علاج کا مکمل خرچ حکومت ادا کریگی، مہنگے علاج کے خوف سے بے فکر امراضِ قلب میں مبتلا ہر مریض سی ایم سپیشل اینیشیٹو کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ تک کے علاج کی سہولت حاصل کرے گا۔
پہلے مرحلے میں 45 ہزار مریض سی ایم اسپیشل اینیشیٹو کارڈ سے علاج کرواسکیں گے۔اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کارڈ پر مفت سرجری کی جائے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ برائے کینسر ٹریٹمنٹ کا اوپی ڈی بلاک 17 جنوری تک فعال ہوجائے گا جبکہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا 31 جنوری تک فعال کرنے کی ڈیڈلائن ہے۔
لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی 15 فروری سے فنکشنل ہوگا، بورڈ آف گورنر نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لئے 1104 اسامیوں پر بھرتی کی بھی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ ڈیڈ لائنز کے اندر فعال کیا جائے اور مریضوں کی جانیں بچانے کیلئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
ادھروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بدعنوانی کیخلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ بد عنوانی جرم کے ساتھ سماجی، معاشی اور معاشرتی ظلم ہے، روز اول سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے، بد عنوانی کے باعث معاشرے میں بدامنی اور مایوسی پھیلتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی امور میں شفافیت، کرپشن کے خاتمے اور سروس ڈلیوری میں بہتری کی پالیسی سے عالمی سطح پر ملک کا امیج بہتر ہوا ہے، کے پی آئیز سسٹم نے حکومتی افسران کو مزید مستعداور متحرک بنایا جس سے عوامی خدمات میں بہتری آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن صرف اخلاقی زوال نہیں، قوم کی ترقی کی قاتل ہے، کرپشن نہ صرف قومی وسائل کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی متزلزل کرتی ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے نیک نیتی و ایمانداری سے آگے بڑھیں گے، مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

