(پنجاب حکومت)شادیوں میں ون ڈش پرعملدرآمد،بلند آواز میوزک پر کارروائی کا حکم

لاہور/گوجرانوالہ:پنجاب میں ون ڈش کی خلاف ورزیوں اور لائوڈ اسپیکر کے غیر ضروری استعمال کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کرلیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تمام کمشنرز اورڈپٹی کمشنرز کو ون ڈش کی پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔

مریم نواز نے شادیوں اور تقریبات میں بلند آواز میوزک پر سخت کارروائی کی ہدایت بھی کی جب کہ فارم ہائوس اور گرائونڈز میں بھی لائوڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال پر پابندی کے لیے اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی ۔

اجلاس میں فارم ہائوس اور گرائونڈز میں بھی ون ڈش پر پابندی یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیاجب کہ میرج ہال کے لیے مقررہ اوقات کار کی پابندی کی مانیٹرنگ کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت کا مقصد عوامی سہولت اور تفریح کے درمیان توازن قائم رکھتے ہوئے ماحولیاتی شور کو کم کرنا ہے۔

ان اقدامات کے ذریعے صوبے میں مزید منظم اور پرامن تقریبات کو فروغ دینے کا ارادہ ہے۔دریں اثناء گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میںوزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کے بجائے عوامی خدمت پر توجہ دیں، ہمیں اڈیالہ جیل کے باہر بیٹھنے کا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کا مینڈیٹ ملا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ایٹم بم سے موٹرویز تک، بنیان مرصوص سے محافظ حرمین شرفین تک، اندھیروں سے روشنی تک ہر جگہ مسلم لیگ (ن) ہی نظر آتی ہے۔میانوالی اور گجرات کے لوگ اعلیٰ ترین عہدوں پر فائز رہے لیکن اپنے شہر کے مسائل حل نہ کرسکے۔

میانوالی میں ترقی کی نشانیاں ڈھونڈنی پڑتی تھیں،پورا گجرات بارش کے پانی میں ڈوب جاتا تھا۔مریم نوازشریف نے کہا کہ ہم نے میانوالی میں سڑکیں،اوور ہیڈ بریج اور گرین بس پراجیکٹس شروع کئے، گجرات میں 30 ارب روپے کی لاگت سے پورے شہر کا سیوریج سسٹم بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 12 سال خیبرپختونخوا پر ایک ہی پارٹی نے بلا شرکت غیرے حکومت کی اور صوبہ اب آثار قدیمہ نظر آتا ہے، 23 نومبر کو ہری پور نے فیصلہ مسلم لیگ(ن) کے حق میں سنا دیا کیونکہ جھوٹ کی شیلف لائف ہوتی ہے۔

ہری پور میں شیر کے حق میں فیصلہ آنے کی وجہ نا اہلی کی تاریخ ہے۔خیبر پختونخوا کی عوام نے جھوٹ کی سیاست کو خیر آباد کہہ کر(ن) لیگ کو ووٹ دیا۔مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا ایک وزیراعلیٰ صوبائی سرکاری مشینری کے ساتھ وفاق پرحملہ آور ہوتا رہا، وزیراعلیٰ کے پی کے اڈیالہ کی بجائے اسپتالوں، اسکولوں کے سا منے جا کر بیٹھیں۔