اسلام آباد : پاکستان اور ایران کے درمیان مال بردار آئی ٹی آئی (اسلام آباد-تہران-استنبول) ٹرین بحال کرنے پر اتفاق ہوگیا ۔ یہ اتفاق رائے پاکستان میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم کی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی سے ملاقات میں طے پایا ۔ ایرانی کمرشل کونسلر کمالی مقدم بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔
پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر گفتگو ہوئی، فریقین نے دونوں ممالک کے مابین مصبت تعاون اور حمایت پر اظہارِ تشکر کیا۔فریقین نے ITI ٹرین اس سال دوبارہ بحال کرنے پر اتفاق کیا۔ پاکستان ایران تجارت میں اضافے اور باہمی درآمدات و برآمدات بڑھانے پر زور دیا گیا۔ وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ تجارت میں اضافہ ریلوے ریونیو اور ملکی معیشت کے لیے مفید ہوگا۔ وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق، علاقائی روابط کا فروغ اور خطے کو ریلوے کے ذریعے جوڑنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
ایرانی سفیر نے وزیرِ ریلوے کو ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ایران میں زیارات کی سعادت حاصل کرنا میرے لیے باعثِ شرف ہوگا۔ ایرانی ریلوے نظام کا جائزہ لینا بھی ایجنڈا کا حصہ ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان ریلوے کے تحت ریلوے اسکولوں کی آئوٹ سورسنگ کے لیے وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر نگرانی دستخط کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے دوران کراچی کے ریلوے بوائز اینڈ گرلز اسکول کی آئوٹ سورسنگ کا معاہدہ TYMSایجوکیشن سسٹم کے ساتھ طے پایا جبکہ لاہور کے ریلوے گرلز ہائی اسکول مغلپورہ اور ریلوے گرلز سینٹ اینڈریوز اسکول/کالج کے معاہدے SAGE/DAGEایجوکیشن پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ طے کیے گئے۔
کراچی اسکول کے معاہدے پر طیب مرزا اور لاہور کے دونوں اسکولوں کے معاہدوں پر ڈاکٹر ناصر محمود نے دستخط کیے۔ یہ منصوبہ وزیرِ اعظم کے وژن کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کے تعلیمی اداروں کو جدید اور معیاری خطوط پر استوار کیا جا سکے اور ریلوے ملازمین اور ان کے بچوں کے حقوق کا باقاعدہ تحفظ یقینی بنایا جائے۔نجی ادارے اسکولوں میں معیاری نصاب، جدید تدریسی نظام، امتحانی ڈھانچہ، سائنسی و کمپیوٹر لیبز، کھیلوں کی سہولیات اور مرمت شدہ عمارتیں فراہم کریں گے۔
اس منصوبے کا مقصد ریلوے ملازمین کے بچوں کو جدید معیار کے اسکولوں میں بہترین تعلیم فراہم کرنا اور اسکولوں کو خود کفیل، موثر اور اعلی تعلیمی اداروں میں تبدیل کرنا ہے۔ وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے ملازمین کے بچوں کا مستقبل اب محفوظ ہاتھوں میں ہے اور یہ منصوبہ روشن مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ تینوں اسکولکراچی بوائز اینڈ گرلز، مغلپورہ گرلز، اور سینٹ اینڈریوز گرلز/کالج کی کامیاب آئوٹ سورسنگ کے بعد پاکستان ریلوے اپنے تعلیمی اداروں کو جدید، معیاری اور عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔

