کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت

کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت بنانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔ڈی جی رینجرز سندھ کی زیر صدارت ہیڈ کوارٹرز رینجرز میں سیکورٹی کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں کراچی کی امن و امان کی مجموعی صورتحال بہتر بنانے کیلئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سمیت پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ شرکا نے صوبے خصوصا کراچی کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے مربوط اقدامات پر اتفاق کیا۔لا انفورسمنٹ ایجنسیز کی جانب سے دہشتگردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف آپریشن موثر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں جبکہ اجلاس میں کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت بنانے کے بھی احکامات دئیے گئے۔

حساس تنصیبات کی سیکورٹی کو یقینی بنانے، سرچ اور کومبنگ آپریشنزمیں اضافے پر زور دیا گیا، بھتہ خوری، اسلحے کی غیر قانونی ترسیل اور دیگر جرائم کے خلاف کارروائیوں کو تیز کرنے کیلئے لائحہ عمل تشکیل دیا گیا۔اجلاس میں غیر تصدیق شدہ بھتہ خوری رپورٹس کے سدباب اور مجرموں کے خلاف کارروائیاں موثر بنانے پر بھی غور کیا گیا۔