کراچی 2050ء تک دنیا کا پانچواں بڑا شہر بن جائے گا، اقوام متحدہ

کراچی شہر 2025ء سے 2030ء کے درمیان دنیا کے 10بڑے شہروں میں شامل ہو جائے گا، کیونکہ اس کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ اضافہ صدی کے وسط تک جاری رہے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ ورلڈ اربنائزیشن پروسپیکٹس 2025ء کے مختصر نتائج میں بتایا گیا ہے کہ کراچی 2050ء تک3 کروڑ 30 لاکھ کی متوقع آبادی کے ساتھ دنیا کے پانچویں بڑے شہر کی فہرست میں آ سکتا ہے۔

آبادی کے لحاظ سے قاہرہ( 3 کروڑ 20 لاکھ )، ٹوکیو( 3 کروڑ 10 لاکھ)،چین کا گوانگزو 2 کروڑ 90 لاکھ ، فلپائن کا منیلا 2 کروڑ 70 لاکھ اور بھارت کا کولکتہ 2 کروڑ 40 لاکھ کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق 1975 ء میں دنیا میں 8 بڑے شہر تھے، جو 2025 ء تک بڑھ کر 33 ہو گئے ہیں، جن میں سے نصف سے زیادہ یعنی 19 بڑے شہر ایشیا میں ہیں، اور اندازوں کے مطابق 2050 ء تک دنیا میں 37 بڑے شہر ہوں گی۔تیزی سے بڑھتے ہوئے شہر ڈھاکا سے صدی کے وسط تک دنیا کا سب سے بڑا شہر بننے کی توقع ہے۔

دریں اثنا، ٹوکیو کی آبادی کم ہونے کے باعث اس کی درجہ بندی 2025 ء میں تیسرے نمبر سے گر کر 2050 ء میں ساتویں نمبر پر آنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جب اس کی آبادی تقریبا 3 کروڑ 10 لاکھ رہ جائے گی۔2025 ء میں دنیا کے سب سے زیادہ گنجان آباد شہروں کی آبادی 20 ہزار افراد فی مربع کلومیٹر سے زیادہ ہے۔

ان میں سے کراچی سمیت بہت سے شہر دنیا کے سب سے بڑے شہروں میں بھی شامل ہیں، جہاں آبادی کا دباؤ 25 ہزار افراد فی مربع کلومیٹر ہے۔عالمی دیہی آبادی کے بارے میں پیشگوئی ہے کہ وہ 2040 ء کی دہائی کے دوران اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ کر پھر بتدریج کم ہونا شروع ہو جائے گی۔