ICast 2025

2025 میں عالمی خلائی کانفرنس کی میزبانی پاکستان کرے گا

پاکستان نے عالمی خلائی کانفرنس 2025 کی میزبانی حاصل کرکے سائنسی ترقی کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ اس کامیابی نے پاکستان کو عالمی سطح پر سائنسی سرگرمیوں کا مرکز بنا دیا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی خلائی کانفرنس *انٹرنیشنل کانفرنس آن اپلیکیشنز آف اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (ICAST)* اسلام آباد میں شاندار طریقے سے منعقد ہو رہی ہے۔

یہ عالمی کانفرنس سپارکو اور اسلام آباد اسپیس اینڈ ٹیکنالوجی کے اشتراک سے 18 سے 20 نومبر تک جاری رہے گی، جس کا بنیادی مقصد عالمی چیلنجز کے حل میں خلائی ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔

ایونٹ میں 25 ممالک سے 70 سے زائد مندوبین اور 2 ہزار سے زیادہ شرکاء شرکت کر رہے ہیں، جبکہ کئی اہم معاہدوں کے ہونے کی توقع ہے۔

بین الاقوامی مندوبین کی بڑی تعداد میں شرکت پاکستان کے خلائی شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھول رہی ہے۔ کانفرنس میں سیٹلائٹ ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی ایپلیکیشنز پر تفصیلی غور و فکر کیا جائے گا۔

مشترکہ تحقیق، صلاحیت سازی اور خلائی ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے ایک جامع حکمتِ عملی ترتیب دی جائے گی۔ عالمی سطح پر ہونے والی یہ شراکت داریاں پاکستان کی سائنسی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گی۔

رکن ممالک کے درمیان سائنسی تعاون اور ترقیاتی منصوبوں سے پاکستان کے خلائی شعبے کی استعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔