اسلام آباد:وفاقی کابینہ، قومی اسمبلی اور سینیٹ سے منظوری کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی پاکستان آرمی، ایئر فورس اور نیوی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی۔
صدرمملکت آصف زرداری نے ہفتے کے روز پاکستان آرمی (ترمیمی) بِل 2025ئ، پاکستان ایئر فورس (ترمیمی) بِل 2025ء اور پاکستان نیوی (ترمیمی) بِل 2025ء کی منظوری دے دی۔صدرِ مملکت کے دستخط کے بعد تینوں سروسز ایکٹ میں ترامیم کے بِل اب اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین حصہ بن گئے ہیں۔
پاکستان آرمی (ترمیمی) ایکٹ 2025ء کے تحت آرمی چیف کے عہدے میں نیا عہدہ چیف آف دی ڈیفنس فورسز شامل کیا گیا ہے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا دفتر 27 نومبر 2025ء سے ختم ہوجائے گا۔
آرمی ایکٹ میں مزید ترمیم کے مطابق کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی مدت ملازمت 3 سال ہوگی اور انہیں تین سال کے لیے دوبارہ تعینات کیا جا سکے گا۔ کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی دوبارہ تقرری یا توسیع کو کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جاسکے گا۔
بل میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی ایکٹ میں ریٹائرمنٹ کی عمر، سروس کی میعاد اور انہیں ہٹانا کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ پر لاگو نہیں ہوگا، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ بطور جنرل پاکستان آرمی میں اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔

