مشال یوسف زئی کے بیانات پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی رہنما سینیٹر مشال یوسفزئی کے بیانات پر ایکشن لیتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا کہنا ہے کہ بہت ہوگیا مشال یوسفزئی کے خلاف ایکشن لیں گے، بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے خلاف کسی قسم کی زبان برداشت نہیں کی جائے گی۔

بیرسٹرگوہر نے خیبر پختونخوا ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک وقوم کی بہتری اور بانی پی ٹی آئی کی صحت پر بات ہوگی۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں یا فیملی پر اگر کوئی جملے کسے گا تو پارٹی میں اس کیلئے کوئی جگہ نہیں، کیا آپ کو پورے ملک میں جملے کسنے کیلئے کوئی اور نہیں ملا سوائے ان کے خاندان کے، بس بہت ہوگیا،اگرکوئی بانی پی ٹی آئی کی فیملی پرجملے کسے گا وہ پارٹی میں نہیں رہے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اتنی بڑی سیاسی جماعت ہے، اس میں اختلافات ہوتے رہتے ہیں، اگر میں چیئرمین ہوں تو ایک سیاسی ورکرکا بھی حق ہے کہ وہ مجھ سے اختلاف کرے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ میں نے بڑا واضح کہہ دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی کے خلاف بولنے والا پارٹی میں نہیں رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کی تاریخ کا پہلے ہی اعلان ہوچکا ہے، ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔ آٹھ تاریخ کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل ہے، پورے پاکستان سے عوام کو احتجاج میں شامل ہونے کی درخواست کی گئی ہے، کے پی کے یا پنجاب کی تخصیص نہیں،احتجاج پورے ملک میں ہوگا۔ اٹھ فروری کو احتجاج رضاکارانہ ہوگا، کسی پر زور زبردستی نہیں، آٹھ فروری کا دن جمہوریت کے لیے ایک بڑا سیاہ دن ہے۔