ضلع کیچ سے پکنک پر گئے 4نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں برآمد

کیچ:بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے جاڑین سے چار نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

نوجوان ایک ہفتہ قبل پکنک منانے کے لیے گئے تھے اور اس کے بعد سے لاپتا تھے، افسوسناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ذرائع کے مطابق قتل ہونے والے نوجوانوں کی شناخت ذاکر ولد عبداللہ، رزاق ولد عبداللہ، صادق اور پیرجان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

تین نوجوان زِردان کوچہ بلیدہ کے رہائشی تھے جبکہ ایک کا تعلق بٹ کورے پشت جاڑین بازار سے تھا۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ نوجوان پکنک کیلئے نکلے تھے اور اسی دن سے ان کے موبائل فون بند ہوگئے تھے۔

اہل خانہ نے سوشل میڈیا پر متعدد پوسٹس کے ذریعے حکام بالا سے مدد کی اپیل کی تھی۔لاشوں کی اطلاع ملتے ہی لواحقین اور مقامی افراد نے پہاڑی علاقے کی جانب روانگی اختیار کی جہاں سے لاشیں برآمد ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق لاشیں بری طرح مسخ شدہ حالت میں تھیں اور نوجوانوں کی موٹر سائیکلیں بھی جلا دی گئیں۔