کراچی: سندھ رینجرز نے خفیہ معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے منگھوپیر روڈ کنواری کالونی سے فتنہ الخوارج کے 3 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت زید اللہ عرف زیدو، نور زادہ اور عثمان کے نام سے ہوئی۔رینجرز حکام کے مطابق گرفتار ملزمان خارجی امیرشمس القیوم عرف زاویل عرف زعفران کے قریبی ساتھی تھے۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ علاقے کے لوگوں کے فون نمبرز شمس القیوم کو فراہم کرتے تھے جس کے بعد وہ ان نمبرز پر بھتا وصولی کیلئے کال کرتا تھا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان نے بھتا وصولی اور لینڈ گریبنگ میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ہے، ملزم نور زادہ اور عثمان کے بھائی پہلے ہی خوارج کے نیٹ ورک میں مارے جا چکے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم زید اللہ عرف زیدو تھانہ ایکسائز کورنگی اور اے این ایف کو بھی مطلوب تھا، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔

