پشاور : خیبر پختونخوا کے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست جاری کردی گئی ہے، دہشت گرد پشاور، ڈیرہ اسماعیل خان، سوات اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک ہزار 349 خطرناک اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست محکمہ داخلہ کو ارسال کردی۔ ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست وفاق کو موصول ہوگئی ہے اور یہ فہرست خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے تمام صوبوں کو فہرست ارسال کر دی، فہرست میں 1349 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے کوائف شامل ہیں۔فہرست میں شامل دہشت گردوں کے سر کی قیمت بھی مقرر ہے، فہرست کے مطابق 59 دہشت گردوں کے سر کی قیمت 1 سے 3 کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہے۔
کرم کے کاظم خان کے سر کی قیمت 3 کروڑ روپے رکھی گئی ہے، دہشت گرد کمانڈر امجد اللہ کے سر کی قیمت 2 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ فہرست میں باجوڑ کے مولوی فقیر محمد کا نام بھی شامل ہے جس کے سر کی قیمت 1.5 کروڑ روپے مقرر ہے۔

