ڈیرہ مراد جمالی:ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے نوتال میں مسلح افراد نے جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی اور چار راکٹ داغے، فورسز کی جوابی فائرنگ سے دہشت گرد فرار ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق فائرنگ اور راکٹ داغے جانے سے بوگیوں کو نقصان پہنچا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فورسز کی جوابی فائرنگ سے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام ہوگیا اور وہ فرار ہوگئے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد جعفر ایکسپریس کو ڈیرہ مراد جمالی اسٹیشن پر روک دیا گیا اور سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
ادھر ڈیرہ مراد جمالی کے مین بازار میں مسلح افراد نے پولیس موبائل پردستی بم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں2 اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

