پی آئی اے کی پانچ سال بعد برطانیہ کیلئے پروازیں بحال ،پہلی فلائٹ روانہ

اسلام آباد: وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے برطانیہ فلائٹ آپریشن کی بحالی کا افتتاح کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق قومی ایئرلائن کی برطانیہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ 5 سال بعد بحال ہوگیا۔
قومی ایئرلائن پی آئی اے نے پانچ سال سے زاید عرصے کے بعد برطانیہ کے لیے پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی پرواز روانہ ہو گئی۔اس سلسلے میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے فلائٹ آپریشن کی بحالی کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس پیشرفت کو پاکستان کی سفارتی کوششوں کا کامیاب نتیجہ قرار دیتے ہوئے سفارتی عملے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی سول ایوی ایشن سے پابندی کے خاتمے میں پاکستانی سفارت خانے اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا کلیدی کردار رہا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جعلی پائلٹ لائسنس اسکینڈل کے باعث قومی ایئرلائن پر عاید پابندی نے حکومت اور ایوی ایشن انڈسٹری کو خاصا نقصان پہنچایا، تاہم ہم نے پی آئی اے کے معیار اور ساکھ کو بحال کرنے کے لیے مو¿ثر اقدامات کیے۔دوسری جانب برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد فیصل نے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن کی پروازوں کی بحالی خوش آئند ہے اور جلد برطانیہ کے دیگر شہروں کے لیے بھی پروازوں کا آغاز متوقع ہے۔
قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کی جولائی 2020 کے بعد اسلام آباد سے مانچسٹر کی پہلی پرواز 284 مسافروں کے ساتھ روانہ ہو گئی، جسے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے الوداع کیا۔ پرواز کی روانگی سے قبل ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزرات دفاع، سفارتی مشن اور ہوابازی کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ برطانیہ کے لیے پابندی جولائی 2020 میں عائد کی گئی تھی جب پائلٹس کی ڈگریوں سے متعلق معاملہ سامنے آیا تھا، پانچ سال تین ماہ بعد یہ پابندی ختم ہوئی اور پی آئی اے کی پروازیں ایک بار پھر برطانیہ کی فضاو¿ں میں اڑان بھرنے کے لیے تیار ہیں۔ابتدائی مرحلے میں پی آئی اے ہفتے میں دو پروازیں آپریٹ کرے گی، منگل اور ہفتے کے روز اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پروازیں روانہ ہوں گی، افتتاحی پرواز بوئنگ 777 کے ذریعے 284 مسافروں کو لے کر دن 12 بجے روانہ ہوئی۔ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں پی آئی اے لندن کے لیے بھی براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، اسلام آباد ایئرپورٹ پر برطانیہ فلائٹس کی بحالی کے موقع پر مانچسٹر کی عمارت کا ہیوی پورٹریٹ بھی آویزاں کیا گیا ہے، جو پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی تعلقات کی بحالی کی علامت ہے۔