کراچی:بلوچستان کے بعد سندھ حکومت نے بھی خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے واپس بھجوائی جانے والی بلٹ پروف گاڑیاں مانگ لیں۔محکمہ داخلہ سندھ نے بلٹ پروف گاڑیاں سندھ کو دینے کیلئے وفاق کوخط لکھ دیا۔
محکمہ داخلہ نے خط میں کہا کہ بلٹ پروف گاڑیاں صوبہ سندھ کو فراہم کی جائیں،غیرملکی مہمانوں، وی وی آئی پیز اور معزز شخصیات کی سیکورٹی کیلئے گاڑیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔خط میں کہا گیا کہ سندھ میں پیشگی سیکورٹی اقدامات کیلئے بلٹ پروف گاڑیوں کی اشد ضرورت ہے۔
قبل ازیںوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت سے ملی بلٹ پروف گاڑیاں ٹھکرادیں اور واپس کرنے کا فیصلہ کیا۔وزیراعلیٰ نے وفاق کی جانب سے دی گئی بلٹ پروف گاڑیاں ناکارہ اور زائد المیعاد قرار دے کر انہیں وفاق کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ پولیس اورسی ٹی ڈی دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن کرداراداکررہے ہیں لیکن بدقسمتی سے وزیرداخلہ نے زائدالمیعادبلٹ پروف گاڑیاں کے پی پولیس کودیں،ناکارہ گاڑیاں دینے سے سیکورٹی اہلکاروں کی جانیں خطرے میں ڈالی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں بند کمروں میں بیٹھ کر بننے والے فیصلے قبول نہیں کیے جائیں گے اور اس حوالے سے اداروں اور بیوروکریسی کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

