میر علی،بھتہ نہ دینے پرگاڑی نذرآتش،6 افراد زندہ جل گئے

اسلام آباد/میر علی/دالبندین/خار:فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے بھتہ نہ دینے پر شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں گاڑی کو آگ لگادی جس میں موجود6 افراد زندہ جل گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق فتنہ الخوارج نے دہشت پھیلانے کے لیے ظلم کی انتہا کردی اور بھتہ نہ دینے پر ایک گاڑی پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جس کے نتیجے میں گاڑی کے اندر موجود 6 نہتے اور معصوم شہری جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر خارجیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔اس ظلم پر میرعلی کے عوام کا کہنا ہے کہ حکومت سے درخواست ہے کہ ہمیں ان درندوں سے نجات دلائی جائے، یہ کیسا اسلام اور کیسا جہاد ہے کہ اس درندگی سے معصوم افراد کو ذاتی عناد پر قتل کیا جائے۔

دوسری جانببلوچستان کے علاقے دالبندین میں فتنة الہندوستان کیخلاف سیکورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن وامان کے قیام کیلئے سیکورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، دالبندین بلوچستان میں سیکورٹی فورسز نے ایک کامیاب کارروائی میں فتنة الہندوستان کی تشکیل کا قلع قمع کردیا۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں تمام6دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے، دہشت گرد پہاڑی غار میں پناہ لیے ہوئے تھے جن پر فضائی نگرانی کے ذریعے مسلسل نظر رکھی گئی۔

سیکورٹی ذرائع نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی جانب سے موزوں وقت پر ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، یہ اہم کامیابی سیکورٹی فورسز اور خفیہ اداروں کی بہترین ہم آہنگی اور مؤثر رابطے کا نتیجہ ہے۔بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے تک فورسز کی جانب سے سیکورٹی اقدامات جاری رہیں گے۔

ادھرسیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز کی باجوڑ کے علاقے میں خارجیوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں فورسز نے شاہی تنگی جنگل میں موجودخارجی دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور سرنگوں کا مکمل طور پر صفایا کردیا۔

خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شاہی تنگی کے جنگل میں موجود ایک غار پر گھات لگا کرفورسز نے بھرپور کارروائی کی جہاں خارجیوں اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں ایک خارجی ہلاک اور دیگر زخمی خارجی علاقے سے فرار ہو گئے۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے علاقے میں موجود سرنگوں اور قریبی مقامات کو بھی کلیئرکردیا ہے۔کارروائی کے دوران خارجیوں کے زیر استعمال اسلحہ، بارودی مواد اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔