کراچی: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور طویل عرصے تک سپیکر سندھ اسمبلی رہنے والے آغا سراج درانی انتقال کر گئے۔
آغا سراج درانی کو ایک ماہ قبل برین ہیمبرج ہوا تھا جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ایوان صدر کی جانب سے بھی آغا سراج درانی کے انتقال کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور جمہوری خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔شہبازشریف کا کہنا تھا آغا سراج درانی نے بطور سپیکر سندھ اسمبلی اہم خدمات سر انجام دیں، آغا سراج درانی کی سیاسی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی آغا سراج درانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آغا سراج درانی پیپلز پارٹی کے مخلص، وفادار اور اصول پسند رہنما تھے، آغا سراج نے سندھ اسمبلی کی مضبوطی اور جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کیا، مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
آغا سراج درانی 31 مئی 2013 سے 25 مئی 2024 تک سپیکر سندھ اسمبلی رہے، وہ مارچ 2022 سے اکتوبر 2022 تک قائم مقام گورنر سندھ کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔
آغا سراج درانی چار دہائیوں سے زائد پیپلز پارٹی سے وابستہ رہے، 1988 میں پہلی بار رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے، تین مرتبہ صوبائی وزیر اور دو مرتبہ سندھ اسمبلی کے سپیکر رہے۔