پشاور/اسلام آباد/پشاور:ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر خوارج نے حملہ کر دیا، پولیس جوانوں نے مقابلہ کرتے ہوئے 6 خارجی دہشت گرد جہنم واصل کر دیے، فائرنگ کے تبادلے میں 7 جوان شہید ہوئے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق فتنہ الخوارج نے رتہ کلاچی میں پولیس ٹریننگ اسکول پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، خوارج نے بارود سے بھرا ٹرک اسکول کے گیٹ سے ٹکرایا، دھماکے کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوگئے۔
حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں نے اس موقع پر ڈٹ کر مقابلہ کیا، پولیس اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، خوارج مسلسل دستی بم پھینکتے رہے، ڈی پی او صاحبزادہ سجاد احمد اور آر پی او سید اشفاق انور بھی موقع پر موجود رہے۔
سینٹرل پولیس آفس نے بتایا کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر 5 گھنٹے طویل آپریشن کیا، 6 خوارج جہنم واصل کیے اور ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، اسلحہ ایمونیشن برآمد کیا۔یہ بھی بتایا گیا کہ 7 زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ٹریننگ سینٹر میں موجود تمام زیر تربیت ریکروٹس بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کر دیے گئے۔
ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان کے مطابق ٹریننگ اسکول میں ٹرینی اور اساتذہ و اسٹاف سمیت 200 کے قریب افراد موجود تھے۔انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا کہ علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے، سرچ اینڈ کلین آپریشن جاری ہے، آر پی او اور ڈی پی او کی قیادت میں کامیاب کارروائی کی گئی۔
آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے شہید جوانوں کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی۔کامیاب آپریشن میں حصہ لینے والے تمام افسروں و جوانوں کے لئے انعامات کا اعلان بھی کیا گیا۔
صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ دہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑپھینکنے کیلئے پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے، پولیس نے دلیری کے ساتھ خارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور مذموم عزائم کو خاک میں ملایا۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان میں دہشت گردوں نے مسجد کو بھی نشانہ بنایا اور امام مسجد مولانا عصمت مروت کو سفاکی سے شہید کیا۔ترجمان پاک فوج کا بتانا ہے کہ سیکورٹی فورسز کا علاقے میں خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ادھرپشاور میں تھانے پر حملہ ناکام بنا دیا گیا جب کہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ صورت حال کے تناظر میں ایلیٹ فورس کو بھی طلب کرلیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں تھانے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
اس دوران پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔سی سی پی او پشاور نے تصدیق کی کہ فائرنگ کا تبادلہ ابھی جاری ہے اور فورسز دہشت گردوں کو مکمل طور پر قابو پانے کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہیں۔
 
                        
 
             
                             
                             
                             
                             
                             
		
 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				