لاہور/اسلام آباد:تحریک لبیک کے احتجاج کو روکنے کے لئے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سخت سیکورٹی انتظامات ہفتے کودوسرے دن بھی جاری رہے جب کہ ٹرانسپورٹ مکمل بند ہونے سے نظام زندگی مکمل مفلوج ہے جب کہ مذہبی جماعت کے احتجاج سے نمٹنے کیلئے پولیس نے حتمی سیکورٹی پلان آرڈر تیار کرلیا۔
تحریک لبیک کے متوقع احتجاج کو روکنے کے لئے پولیس کے جگہ جگہ ناکے برقرار ہیں، گزشتہ 36 گھنٹوں سے پورا شہر مکمل جام ہے ہفتے کی صبح تحریک لبیک کے آفس جامعہ مسجد غوثیہ ضیاء العلوم میںسول لائن پولیس نے چھاپہ مار کر 77 کارکن گرفتار کر لئے۔
راولپنڈی کی مرکزی شاہراہ مری روڈ آنے والی گلیوں کے راستے بھی سیل اڈیالہ جیل سے آج دوسرے دن بھی ملزمان عدالت پیش نہیں کیے گئے جس کے باعث عدالتوں نے بغیر کارروائی مقدمات کی سماعت ملتوی کر دی۔
ہول سیل منڈیاں سبزی فروٹ منڈی سیل ہونے سے سپلائی بند ہوگئی جس سے شہر میں سبزی پھلوں کی کمی کابحران ساتھ ان کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔شہر بھر کے تفریح پارک بھی مکمل ویران ہوگئے،رات کی ہوٹلنگ مکمل ختم، فوڈز چینز کے کاروبار بھی مکمل ٹھپ ہوگئے۔
راولپنڈی میں راستے بند ہونے کے باعث اسپتالوں تک رسائی ناممکن ہوگئی، مریضوں کو شدید دشواری کا سامنا، ایمبولینسز بھی ٹریفک بندش سے متاثر ہوئیں، مریضوں اور لواحقین نے انتظامیہ سے شدید شکوہ کیا۔جڑواں شہروں میں احتجاجی مظاہرے کے باعث اسلام آباد راولپنڈی کا غریب طبقہ رل گیا۔
دیہاڑی دار مزدور طبقہ شدید پریشان ہے، راستے بند ہونے کے باعث سینکڑوں دیہاڑی دار مزدور اپنے کاموں پر جانے سے قاصر رہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے گھروں میں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں شاہدرہ کے مقام پر شیلنگ دوبارہ شروع ہوگئی، تحریک لبیک کے کارکنوں نے پولیس کی گاڑی چھین لی، شاہدرہ پل پر ٹی ایل پی کارکنوں نے قبضہ کیا، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ کی گئی جب کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔
مظاہرین نے پولیس اہلکار کو پکڑ لیا درگت بنادی،شاہدرہ میدان جنگ بن گیا، شدید شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کی آواز سے علاقہ مکین پریشان ہوگئے اور ہر طرف خوف کے سائے منڈلانے لگے۔رینجرز نے مظاہرین کو ہر حال میں منتشر کرنے کی کوشش کی جب کہ مظاہرین پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں۔
کارکنوں اور رینجرز کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، رینجرز اور پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ اورْربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا گیا، بیشتر کارکن بے ہوش ہوگئے جب کہ پولیس اہلکار پتھراؤ سے زخمی ہوئے۔تحریک لبیک کے کارکنوں نے جے ٹی روڈ پر واقع نجی ریسٹورنٹ (میکڈونلڈ)پر دھاوا بول دیا، مظاہرین نے باہر لگے مجسمے اور بورڈ کو توڑ دیا۔
اسلام آباد پولیس سمیت رینجرز، ایف سی اور پنجاب پولیس کی نفری بھی سیکورٹی پلان میں شامل ہے، سکیورٹی آرڈر میں کہا گیا کہ وفاقی پولیس کیساتھ رینجرز، ایف سی، پنجاب پولیس بھی تعینات ہوگی، مجموعی طور پر ساڑھے 5 ہزار سے زائد اہلکار و افسران ڈیوٹی سراانجام دیں گے۔
ادھر مذہبی تنظیم کے احتجاج کے باعث امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اورنج لائن میٹرو ٹرین، میٹرو بس اورا سپیڈو بس سروس تیسرے روز بھی بند رہی جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔پبلک ٹرانسپورٹ کی بندش کی وجہ سے نجی ٹرانسپورٹرز کی جانب سے منہ مانگے کرائے وصول کئے جارہے ہیں۔
 
                        
 
             
                             
                             
                             
                             
                             
		
 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				