کے پی، اپوزیشن کا وزیراعلیٰ کے لیے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان

خیبرپختونخوا میں اپوزیشن نے وزیراعلی کیلئے مشترکہ امیدوار لانے کا اعلان کردیا ۔ ن لیگ، پی پی، جے یو آئی اور دیگر ملکر امیدوار لائیں گے۔ن لیگ کے رہنما اختیار ولی خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ مسلم لیگ ن ، پیپلز پارٹی، جے یو آئی، اے این پی اور دیگر جماعتیں مل کر وزیراعلی کیلئے اپنا امیدوار لائیں گی۔

اختیار ولی کا کہنا تھا کہ اس وقت فلور کراسنگ ایکٹ نافذ نہیں، ماضی میں پی ٹی آئی نے دوسری جماعتوں کے لوگ توڑ کر کہا کہ ان کا ضمیر جاگ گیا، اب دیکھتے ہیں کتنے لوگوں کا ضمیر جاگتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہارنے کیلئے نہیں بلکہ جیتنے کیلئے امیدوار کھڑا کرے گی، اگر ہمیں مینڈیٹ اور وزارتِ اعلی کے لیے حمایت ملی تو انکار نہیں کریں گے۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کوئی شق نہیں جو ظاہر کرے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کے پاس اکثریت ہے، اگر پی ٹی آئی حالات کی پرواہ کیے بغیر گندی سیاست کرے گی تو ہم بھی اپنا فیصلہ کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو بشری بی بی اور علیمہ خان کی شکایت پر ہٹایا گیا ہے۔

جے یو آئی کے رہنما انجینئر ضیاالرحمان نے کہا کہ جے یو آئی نے ہمیشہ صوبے میں بدامنی کے خلاف آواز اٹھائی، ہم نے پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ پارٹی کے اندر تبدیلی لائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے جے یو آئی کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے وزیراعلی تبدیل کیا اور نیا وزیراعلی نامزد کردیا، تاہم وزارتِ اعلی کے امیدوار کے انتخاب پر پارٹی کے اندر کوئی بحث نہیں ہوئی۔