آئی ایم ایف مذاکرات مثبت ، کوئی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی، محمد اورنگزیب

وفا قی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ حالیہ مذاکرات مثبت رہے ہیں، اب تک کوئی بڑی رکاوٹ نظر نہیں آ رہی،پاکستان میں سعودی سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتے ہیں اور سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، سعودی عرب کے وژن 2030ء سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی سرمایہ کاروں اور اوورسیز چیمبرآف کامرس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن کی سربراہی چیف ایوا پیٹرووا نے کی، جنہوں نے 24 ستمبر سے 8 اکتوبر تک کراچی اور اسلام آباد میں پاکستان کی اقتصادی ٹیم سے ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) اور 1 ارب 10 کروڑ ڈالر کے موسمیاتی تبدیلیوں کے پروگرام (آر ایس ایف) کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ انہوںنے کہا کہا کہ ہماری آئی ایم ایف کے مشن کے ساتھ بہت اچھی اور مثبت بات چیت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ امور اب بھی زیرِ بحث ہیں، مگر ان کی نظر میں کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم یہ بات چیت ویک اینڈ تک آن لائن جاری رکھیں گے اور امید ہے کہ اگلے ہفتے کے شروع میں، جب میں، اسٹیٹ بینک کے گورنر اور سیکریٹری خزانہ واشنگٹن میں ہوں گے، تو عملے کے سطح کے معاہدے کو مکمل کر لیں گے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، حکومتی کاوشوں کی بدولت ملک نے معاشی استحکام حاصل کیا، تمام معاشی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں، تین بڑی عالمی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستانی معاشی اشاریوں کو مثبت قرار دیا جو مثبت رجحان ظاہر کر رہے ہیں، اب برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لئے پرعزم ہیں۔

کیس لیس اکانومی کے فروغ کیلئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے حکومتی حکمت عملی سے متعلق تحریری رپورٹ پارلیمان میں پیش کر دی۔کیش لیس اکانومی کے فروغ کیلئے حکومت نے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال میں ڈیجیٹل لین دین کا ہدف 115 ارب روپے رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے کیش لیس پاکستان اسٹریٹجی کی منظوری دے دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈیجیٹل معیشت کے وژن کے ساتھ 4 بڑے اہداف مقرر کیے گئے ہیں جنہیں جون 2026ء تک حاصل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ادائیگیاں آسان، محفوظ اور سب کے لئے قابلِ رسائی بنائی جا رہی ہیں۔