اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے وزیر اعلی کا استعفاء منظور کرنے کی مدت کے حوالے سے آئین میں کوئی شق موجود نہیں۔
گورنر سے مطالبہ ہے وزیر اعلی کا استعفاء فوری منظور کریں۔ ایک انٹرویو یمں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ گورنر یا وفاقی حکومت کو رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے، ماضی میں سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلی کی بھی ان ہائوس تبدیلی ہوچکی۔ یہ جمہوری عمل ہے، جسے مکمل ہونا چاہیے۔ ہمارے ارکان اسمبلی متحد ہیں کوئی ان سے رابطہ نہیں کرے گا۔
دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا استعفاء باضابطہ طور پر موصول نہیں ہوا۔ استعفاء آیا تو منظور کرنے میں وقت نہیں لگاؤںگا۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سرکاری طور پر بھیجی جانے والی چیزیں گیٹ پر نہیں چھوڑی جاتیں۔ میرے لئے آنے والی ڈاک سیکرٹری، سی ایس او یا ایم ایس وصول کرتے ہیں ۔ ان میں سے کسی نے استعفاء وصول نہیں کیا۔ استعفاء آیا تو منظور کرنے میں وقت نہیں لگائوں گا۔
 
                        
 
             
                             
                             
                             
                             
                             
		
 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				 
				