شناختی کارڈ بنوانے کا نیا طریقہ متعارف، اب نادرا دفاتر جانے کی ضرورت نہیں رہی

نادرا کی **پاک آئی ڈی موبائل ایپلی کیشن** نے پاکستانی شہریوں کے لیے **شناختی دستاویزات کے حصول کا طریقہ کار مکمل طور پر بدل دیا ہے**۔ اب شہریوں کو شناختی کارڈ یا دیگر دستاویزات کے لیے نادرا دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی۔
نادرا کے ترجمان **سید شباہت علی** نے سماء سے گفتگو میں بتایا کہ **پاک آئی ڈی ایپ** عوام کے لیے ایک بڑی سہولت بن چکی ہے۔ شہری گھر بیٹھے **درخواستیں جمع کر رہے ہیں**، اور صرف **تین ماہ کے دوران 12 لاکھ سے زائد درخواستیں** موصول ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک **ایک کروڑ سے زیادہ افراد** یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کر چکے ہیں، جس کے باعث یہ **ملک کی سب سے قابل اعتماد عوامی سروس ایپلی کیشنز** میں شمار ہونے لگی ہے۔
ترجمان کے مطابق شہری اپنے **اسمارٹ فونز کے ذریعے شناختی دستاویزات کی درخواستیں جمع** کر سکتے ہیں، جبکہ **پاک آئی ڈی ایپ** میں **درخواست کی براہ راست ٹریکنگ** کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس ایپ کی بدولت نادرا کو **ڈیجیٹل درخواستوں کی وصولی میں 45 فیصد اضافہ** ہوا ہے، اور اب روزانہ **10 ہزار سے زائد کیسز** ایپ کے ذریعے نمٹائے جا رہے ہیں۔