ٹیسلا کے مالک ایلون مسک 500 ارب ڈالر کی مجموعی دولت رکھنے والے دنیا کے پہلے شخص بن گئے ہیں۔
فوربز کے ریئل ٹائم بلین ایئرز کی فہرست کے مطابق ایلون مسک بدستور پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ ان کے بعد اوریکل کے لیری ایلیسن، میٹا کے مارک زکربرگ اور ایمازون کے جیف بیزوس کا نام آتا ہے۔
بدھ کے روز کاروباری دن کے اختتام پر مسک کی مجموعی دولت 499.1 ارب ڈالر رہی، تاہم دن کے آغاز میں وہ لمحاتی طور پر 500 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کرچکے تھے۔
گزشتہ ماہ 10 ستمبر کو اوریکل کے حصص میں تیزی کے باعث لیری ایلیسن نے مختصر مدت کے لیے ایلون مسک کو پیچھے چھوڑ دیا تھا، مگر یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔
ستمبر کے وسط میں ٹیسلا کے شیئرز میں نمایاں اضافہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب ایلون مسک نے ایک ٹرسٹ کے ذریعے تقریباً 1 ارب ڈالر کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کی۔ اس پیش رفت کے بعد NASDAQ مارکیٹ میں ٹیسلا کے حصص ایک ہی دن میں 30 ڈالر تک بڑھ گئے۔

