بلوچستان کے ضلع زیارت سے 2ماہ پہلے اغوا ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور اس کے بیٹے کو اغوا کاروں نے قتل کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق لیویز ذرائع نے بتایا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر محمد افضل کو دو ماہ قبل نامعلوم افراد نے بیٹے سمیت زیارت کے علاقے زیزری سے اغوا کیا تھا۔چند روز قبل اغوا کاروں نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت محمد افضل اور ان کے بیٹے کی ویڈیو بھی جاری کی تھی، جس میں وہ اغوا کاروں کی ڈیمانڈ پوری کرنے کی اپیل کررہے تھے۔
اس سے قبل، بلوچستان حکومت نے اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کے اغوا کاروں کا سراغ لگانے پر 5 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا تھا۔ڈپٹی کمشنر زیارت ذکااللہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ 10اگست کو دہشت گردوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور ان کے بیٹے کو زیزری کے مقام سے اغوا کیا تھا۔نوٹی فکیشن میں عوام، قبائلی عمائدین اور میڈیا نمائندگان سے بھی اپیل کی گئی تھی کہ وہ اغوا کاروں سے متعلق مصدقہ معلومات فراہم کریں جب کہ مغویں کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے زیارت کے اسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور ان کے بیٹے کو شہید کرنے کے المناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ اور سفاکانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہید اسٹنٹ کمشنر محمد افضل ایک فرض شناس، محنتی اور قابل افسر تھے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور دیانت کے ساتھ نبھائیں انہوں نے کہا کہ شہید محمد افضل نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور وہ ہمیشہ عوام کے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید اسٹنٹ کمشنر محمد افضل اور ان کے بیٹے کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا انہوں نے واضح کیا کہ معصوم جانوں کے قاتل اور امن کے دشمن اپنے انجام سے ہرگز نہیں بچ سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ادھربلوچستان کے ضلع بارکھان میں نامعلوم مسلح افراد نے سڑک کی تعمیر کیلئے استعمال ہونے والی مشینری اور جنریٹر کو آگ لگا دی۔ تاہم واقعے میں کوئی جان نقصان نہیں ہوا، لیویز نے مشینری کو آگ لگانے کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔لیویز حکام کا کہنا ہے کہ نا معلوم ملزمان کو تلاش کیا جارہا ہے، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔
                        
            
                            
                            
                            
                            
                            
		