حافظ آباد، ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے ٹیچرسمیت 7 طلبہ جاں بحق

حافظ آباد:حافظ آباد کی تحصیل پنڈی بھٹیاں میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 5 بچوں سمیت 7 افراد ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جس میں خاتون ٹیچر بھی شامل ہیں۔

پنڈی بھٹیاں کے علاقے سکھیکی منڈی کے محلہ فاروق اعظم میں ماں اور بیٹا بچوں کو اکیڈمی کے اوقات میں ٹیوشن پڑھا رہے تھے کہ اچانک چھت زمین بوس ہوگئی۔ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے نتیجے میں ٹیچر سمیت کئی طلبہ ملبے تلے دب گئے، حادثے کے فوی بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

حادثے کے نتیجے میں ماں، بیٹا اور ٹیوشن پڑھنے آنے والے 5 بچے جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی اوحافظ آباد عاطف نذیر فوری موقع پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حافظ آباد عاطف نذیر نے ریسکیو اداروں کو ہدایت دی کہ ملبہ ہٹانے اور زخمی کو فوری طبی امداد فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ڈی پی او حافظ آباد نے دلخراش سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی و تعزیت کی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر 3 طلبہ جاں بحق ہوئے تھے تاہم دوران علاج مزید زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہوگئی جس میں خاتون ٹیچر اور ان کا بیٹا بھی شامل ہے۔

ریسکیو کے مطابق متعدد بچوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔