اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حکام کے مطابق یمن کے ساحل کے قریب سب میرین کیبلز کٹنے کے باعث پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار متاثر ہوئی ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی میں بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے بتایا کہ ایک نہیں بلکہ 4 سے 5 سب میرین کیبلز متاثر ہوئی ہیں، جن میں سے پاکستان آنے والی دو بڑی کیبلز شامل ہیں۔ کمپنیوں نے بینڈوِتھ کو متبادل روٹس پر منتقل کر دیا ہے، تاہم مکمل بحالی میں تقریباً 4 سے 5 ہفتے لگ سکتے ہیں۔
کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ آئندہ 12 سے 18 ماہ میں تین نئی سب میرین کیبلز پاکستان کو یورپ سے منسلک کریں گی، جن کے لیے معاہدے پہلے ہی طے پا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق ان نئی کیبلز کے شامل ہونے سے مستقبل میں انٹرنیٹ کی کارکردگی اور استحکام بہتر ہو جائے گا۔