گوگل کے اے آئی پلیٹ فارم جیمینائی نے نیا امیج ایڈیٹنگ فیچر متعارف کرانے کے بعد امریکا اور برطانیہ میں آئی فون صارفین کے درمیان مقبولیت کے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں، جہاں اس نے چیٹ جی پی ٹی کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ فری ایپس کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
اگست کے آخر میں لانچ ہونے والے جیمینائی 2.5 فلیش امیج ماڈل نینو کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا، اور صرف دو ہفتوں میں صارفین نے اس کے ذریعے 50 کروڑ سے زائد تصاویر تخلیق کیں۔
امریکا میں یہ فیچر لانچ ہونے کے بعد جیمینائی نے اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی اور میٹا کی تھریڈز کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ برطانیہ میں بھی یہ چیٹ جی پی ٹی اور شاپنگ ایپ ٹیمو سے آگے نکل گیا۔
گوگل نے 26 اگست کو اپنی اپ ڈیٹس کے اعلان کے دوران اس ماڈل کو ’اسٹیٹ آف دی آرٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جیمینائی ایسے فیچرز فراہم کرتا ہے جو اس کے حریفوں کے تصور سے بھی آگے ہیں۔