کے پی،بلوچستان میں حملے،8دہشتگردہلاک،4اہلکار شہید

پشاور/کوئٹہ/راولپنڈی: کے پی اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے ناکام،8دہشت گرد ہلاک جبکہ4اہلکار شہید ہوگئے۔

ترجمان خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق بنوں میں دہشت گردوں نے پہلے میریان تھانے اور پھر مزنگ چوکی کو نشانہ بنایا تاہم پولیس نے دلیری اور حکمت عملی سے دونوں حملے پسپا کردیے۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے میریان تھانے پر حملہ کیا جسے 20 منٹ میں ناکام بنا دیا گیا۔

میریان میں مزنگ چوکی پر بھی درجنوں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جہاں فائرنگ کا سلسلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 4 کو زخمی کردیا،دہشت گردوں کے ساتھی ہلاک اور زخمیوں کو لے کر فرار ہوگئے جبکہ حملے میں 3 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ کرک کے گرگری تھانے پر بھی دہشت گردوں نے حملہ کیا تاہم اس دوران پولیس اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ڈی پی او کرک کے مطابق دہشت گردوں کو تھانے کے قریب نہیں آنے دیا گیا۔

دوسری جانب رات گئے بلوچستان کے ضلع شیرانی میں دہشت گردوں نے پولیس لائنز اور ملحقہ لیویز تھانے پر حملہ کردیا جس میں لیویز کے 3 اہلکار اور کانسٹیبلری کا ایک جوان شہید ہوگیا جبکہ حملوں کے دوران 6 اہلکار شدید زخمی ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق حملوں کے باعث تھانوں میں کمیونیکیشن سسٹم مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ لیویز کی ایک گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اضافی فورس کو ژوب سے طلب کر لیا گیا، امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو ژوب کے سول ہسپتال منتقل کر دیا۔

سول ہسپتال ژوب میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ڈپٹی کمشنر شیرانی نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب خضدار میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے دوران پانچ بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک کیے گئے خوارج دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے، آپریشن کے دوران خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کی اطلاعات پر سرچ آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ سیکورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کی تعریف کی اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔