اسحاق ڈار کی ترک ہم منصب سے ملاقات ، قطر پر اسرائیلی حملوں کی مذمت

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک ہم منصب حکان فیدان سے ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران انہوں نے اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور فلسطینی عوام کے حق میں غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے قطر اور خطے کے دیگر ممالک پر اسرائیلی حملوں کی بھی سخت مذمت کی۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی مقصد کے لیے اپنی حمایت کا بھرپور اظہار کیا اور مسلم امہ کے اجتماعی ردِعمل میں او آئی سی اور عرب لیگ کے کردار پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے عربـاسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کیا اور اس میں تمام مسلم ممالک کے اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دونوں رہنماؤں نے قطر پر اسرائیل کے بلا اشتعال اور بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کی اور اسے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطینی کاز کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری بالخصوص مسلم ممالک کو فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ترجمان کے مطابق دوران ملاقات دونوں رہنماؤں نے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم بھی کیا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دنیا کے 2 ارب لوگوں کی نظریں قطر میں ہونے والے عرب اسلامی سربراہی اجلاس پر ہیں،اسرائیل کے خلاف واضح روڈ میپ نہ دیا تو یہ افسوسناک ہو گا،ایٹمی طاقت پاکستان بلاشبہ اْمت مسلمہ کے بطور رکن کھڑا ہو گا اور اپنا فرض ادا کرے گا۔عرب میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف واضح روڈ میپ نہ دیا تو یہ افسوسناک ہو گا،2 ارب لوگ یہ جاننے کیلئے منتظر ہیں کہ اس سمٹ سے کیا نکلتا ہے۔