ریاض : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے مشن کے تحت مکہ مکرمہ میں بین الاقوامی سیرت نمائش کا افتتاح کردیا گیا ہے۔
افتتاحی تقریب میں شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، نائب امیر مکہ نے خصوصی شرکت کی۔نمائش میں نبی اکرمۖ کی حیات طیبہ اور اسلامی تاریخ کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے اجاگر کیا گیا ہے۔
نمائش کے مختلف حصوں میں نبی کریم ۖ کے اقوال، اعمال اور تعلیمات کو ڈیجیٹل انداز میں پیش کیا گیا ہے تاکہ مسلمانوں اور غیر مسلموں کو اسلام کے حقیقی پیغام سے روشناس کرایا جا سکے۔ اس کے علاوہ اسلامی تاریخ کے مختلف ادوار اور اہم واقعات کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔
نمائش کے شرکا نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نئی نسل کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے کا نہایت موثر ذریعہ ہے۔
نمائش میں مقدس مقامات کے ماڈلز بھی رکھے گئے ہیں جن کے ذریعے زائرین اسلامی تاریخ کے اہم پہلوں کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں۔
نمائش میں ایک خصوصی حصہ “پیغمبر ایسے جیسے آپ ان کے ساتھ ہیں” کے عنوان سے رکھا گیا ہے، جس میں مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور راہِ ہجرت کے مناظر کو تصویری انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ حجرہ نبوی اور طبِ نبوی کا حصہ بھی شامل ہے، جو زائرین کو سیرتِ نبوی سے قریب تر کرتا ہے۔
نمائش میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم “اتحاف” کی بھی رونمائی کی گئی، جس میں ایک سائنسی لائبریری، معروف دانش نامے اور دنیا کی بڑی زبانوں میں ترجمہ شدہ جدید تکنیکیں شامل ہیں۔ یہ پلیٹ فارم سیرتِ نبوی کی ترویج کو جدید اور اختراعی انداز میں ممکن بناتا ہے۔
