Antartica Ice

مغربی انٹارکٹکا کی برفانی چادر ٹوٹنے کے قریب!

سائنس دانوں نے انتباہ جاری کیا ہے کہ مغربی اینٹارکٹکا کی برفانی چادر خطرناک حد تک کمزور ہو چکی ہے اور اس کے مکمل انہدام کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔

آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق، عالمی سطح پر کاربن ڈائی آکسائیڈ کے بڑھتے اخراج کے باعث یہ برفانی چادر تیزی سے کمزور ہو رہی ہے، اور اس کے ڈھہ جانے کا امکان دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔

تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اگر مغربی اینٹارکٹکا کی آئس شیٹ ٹوٹ گئی تو سطحِ سمندر تقریباً 9.8 فٹ (تین میٹر) تک بلند ہوسکتی ہے، جس کے نتیجے میں ساحلی علاقے اور وہاں کی بڑی آبادیوں کے زیر آب آنے کا خطرہ ہوگا۔

تحقیق کی مرکزی مصنفہ ڈاکٹر نیریلی ایبرام نے کہا کہ اینٹارکٹکا میں برف، سمندر اور ماحول میں تیزی سے تبدیلیاں ہو رہی ہیں، اور گلوبل وارمنگ کے ہر معمولی اضافے سے یہ بحران مزید سنگین شکل اختیار کر سکتا ہے۔