PTCL No Internet

پی ٹی سی ایل نے انٹرنیٹ سروس میں تعطل کی تصدیق کردی

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (پی ٹی سی ایل) نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی میں بڑے پیمانے پر تعطل کی تصدیق کر دی۔

کمپنی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، پی ٹی سی ایل اور یوفون صارفین کو ڈیٹا کنیکٹیویٹی کے مسائل کا سامنا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں سروس کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے صارفین سے تکلیف پر معذرت تو کی لیکن ملک گیر بریک ڈاؤن کی وجہ بیان نہیں کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات کراچی میں شدید بارش کے باعث پی ٹی سی ایل اور یوفون کی سروسز شدید متاثر ہوئیں، جس کے نتیجے میں ملک بھر کے صارفین مشکلات کا شکار ہوئے۔ اس تعطل کا اثر ان ٹیلی کام آپریٹرز پر بھی پڑا جو پی ٹی سی ایل سے ہول سیل میں انٹرنیٹ خریدتے ہیں، جن میں جاز، زونگ اور ٹیلی نار شامل ہیں۔

عالمی ادارہ نیٹ بلاکس نے بھی تصدیق کی کہ پاکستان بھر میں انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی غیر معمولی حد تک متاثر ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مجموعی انٹرنیٹ رسائی معمول کے مقابلے میں 20 فیصد تک گر گئی، جس میں سب سے زیادہ نقصان پی ٹی سی ایل کو اٹھانا پڑا۔