وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ملک بھر میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 911 فوری طور پر فعال کر دی ہے۔
ترجمان آئی ٹی اینڈ پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام حالیہ بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 911 سروس اس وقت بھی دستیاب ہوگی جب کسی علاقے میں صارف کے اپنے موبائل نیٹ ورک کے ٹاور متاثر یا غیر فعال ہوں، کیونکہ یہ سروس خودکار طریقے سے قریبی کمپنی کے فعال ٹاور سے منسلک ہو جائے گی۔
اس نظام کے تحت متاثرہ شہری صرف 911 ڈائل کر کے فوری طور پر ہنگامی مدد حاصل کر سکیں گے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف ضرورت کی صورت میں اس سہولت سے فائدہ اٹھائیں تاکہ اصل متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔