کراچی، پشاور اور بہاولپور کے شہری سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور

وفاقی ادارہ شماریات نے چینی کی قیمتوں کے نئے اعداد و شمار جاری کردیے۔ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں چینی کی اوسط قیمت سرکاری ریٹ پر نہیں آسکی ہے، چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 190روپے فی کلو تک برقرار ہے جب کہ کراچی، پشاور، بہاولپور کے شہری ملک میں سب سے مہنگی چینی خریدنے پر مجبور ہیں۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی اوسط قیمت 178روپے67 پیسے فی کلو پرآگئی ہے، ایک ہفتے میں چینی کی اوسط قیمت میں 66پیسے فی کلو کی مزید کمی ہوئی۔گزشتہ ہفتے تک چینی کی اوسط قیمت 179روپے33پیسے فی کلو تھی، ایک سال قبل ملک میں چینی کی اوسط قیمت 146روپے75 پیسے فی کلو تھی۔

پنجاب میں چینی کی زیادہ سے زیادہ قیمت 190 روپے فی کلو تک ہے اور اسلام آباد میں چینی کی قیمت سرکاری ریٹ کے مطابق 172روپے فی کلو پر آگئی ہے۔ راولپنڈی سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں چینی 173 روپے کے سرکاری نرخ پر آگئی ہے۔

وفاقی حکومت نے 15جولائی سے چینی کی ایکس مل قیمت 165 روپے فی کلو مقررکرنیکا اعلان کیا تھا جب کہ اسلام آباد میں172، پنجاب اورکراچی میں چینی کی ریٹیل قیمت 173 روپے فی کلو مقررکی گئی تھی۔